وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اہم ملاقات، تجارت اور تعاون پر بات چیت

09:28 AM, 26 Sep, 2025

واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں نے پاک امریکہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے۔

ملاقات میں تجارتی تعلقات کے ساتھ ساتھ توانائی کے منصوبوں، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور خطے کی اقتصادی ترقی پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے خاص طور پر آئی ٹی اور زرعی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ پاکستان نوجوانوں کی بڑی آبادی اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کے باعث امریکہ کے لیے ایک اہم تجارتی مارکیٹ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی معیشت کی صلاحیتوں کو سراہا اور کہا کہ امریکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو بھی قابل ستائش قرار دیا۔

ملاقات کے آغاز پر صدر ٹرمپ نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خیرمقدم کیا اور ان کی عظیم قیادت کی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف کو اینڈریوز ایئر بیس پر ریڈ کارپٹ پر استقبال کیا گیا اور موٹرکیڈ امریکی سیکورٹی کے حصار میں روانہ کیا گیا۔ ملاقات کے بعد وزیراعظم واشنگٹن سے نیویارک پہنچ گئے جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

مزیدخبریں