ہماری اولین ذمہ داری پنجاب کے عوام ہیں،وزیراطلاعات پنجاب

03:55 PM, 26 Oct, 2025

لاہور: وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب میں آٹے کی فراہمی پر کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی گئی، اور یہ الزام بالکل بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے آٹے کی ترسیل مکمل طور پر شفاف طریقے سے اور پرمٹس کے تحت کی جا رہی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح اپنے عوام کے حقوق کی حفاظت کرنا ہے، اور وزیرِ اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں آٹے کی قیمتوں اور دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب اپنے عوام کا حق کسی دوسرے صوبے کے سیاسی مفادات پر قربان نہیں کر سکتا۔

انہوں نے خیبرپختونخوا حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر خیبرپختونخوا میں آٹے کی کمی ہے تو وہاں کی حکومت کو اپنی ذخیرہ شدہ گندم جاری کرنی چاہیے یا پھر پاسکو سے خریداری کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 200 سے زیادہ فلور ملز بند ہیں، جو صوبے میں آٹے کی کمی کا باعث ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت اپنے ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے گندم خرید کر ذخیرہ کرتی ہے تاکہ آٹے کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے، اور اس وقت پنجاب میں 8 لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے جس کی مالیت تقریباً 100 ارب روپے ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پنجاب حکومت نے آٹے کی دستیابی اور قیمتوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے فلور ملز کو 3,000 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ بین الصوبائی سطح پر آٹے یا گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں، البتہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو روکنے کے لیے مخصوص اجازت نامے اور ڈیجیٹل ریکارڈنگ سسٹم کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں