نئی دہلی : بھارت کی 10 مئی 2025 کو پاک فوج کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے باوجود اس کا جنگی جنون کم نہیں ہوا۔ بھارت نے پاکستان کی سرحد کے قریب بڑی فوجی مشقوں کا اعلان کرتے ہوئے نوٹم جاری کر دیا ہے۔ یہ مشقیں 30 اکتوبر سے 10 نومبر 2025 تک ہوں گی اور بھارت کی بری فوج، بحریہ اور فضائیہ اس میں حصہ لیں گے۔
ان مشقوں کا حجم اور مقام غیر معمولی نوعیت کا ہے، جس پر سکیورٹی تجزیہ کاروں کی گہری نظر ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اس سے قبل بھی پاکستان کے خلاف حملے کی دھمکیاں دی ہیں، جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزی خطے میں مزید کشیدگی کا سبب بن سکتی ہے۔
یاد رہے کہ 6 اور 7 مئی 2025 کو بھارت نے پاکستان پر میزائل حملے کیے تھے، جن کے جواب میں پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے جنگی جہاز مار گرائے اور اس کے دفاعی سسٹم کو بھی تباہ کر دیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کی قیادت نے واضح کر دیا تھا کہ اگر بھارت نے پھر کوئی اشتعال انگیزی کی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے بھارت کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاک افواج کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں اور عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کریکس کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور کہا کہ "ہم اپنی سمندری سرحدوں کا دفاع کرنے میں مکمل طور پر تیار ہیں، چاہے وہ سر کریک ہو یا جیوانی"۔