کراچی: پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کریکس کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور اس دوران کہا کہ پاک بحریہ اپنی سمندری سرحدوں کا دفاع کرنا بخوبی جانتی ہے، اور سرکریک سے لے کر جیوانی تک اپنے ساحلی حدود کا بھرپور تحفظ کرے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے دورے میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جنگی صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمندری سرحدوں کا تحفظ صرف عسکری ضرورت نہیں بلکہ یہ پاکستان کی خودمختاری، معاشی استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی ضروری ہے۔
اس موقع پر ایک اہم پیشرفت بھی ہوئی جب پاک بحریہ میں جدید 2400 ٹی ڈی ہوورکرافٹ کو باضابطہ طور پر شامل کر لیا گیا۔ یہ نئے ہوورکرافٹ مختلف ماحول میں مؤثر کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں اور یہ پلیٹ فارم زمین اور سمندر دونوں پر ایک ساتھ کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید دفاعی پلیٹ فارمز کی شمولیت پاک بحریہ کے عزم اور سمندری سرحدوں کی حفاظت کی مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ بحرِ ہند میں امن و استحکام کی ضامن ہے اور ہم اپنی سرحدوں کا دفاع انتہائی مضبوطی سے کرتے ہیں۔
پاک بحریہ کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ ان کی فورس کی دفاعی صلاحیتیں ساحل سے سمندر تک بے مثال ہیں، اور ہر طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم ہمیشہ تیار ہیں۔
پاک بحریہ کی یہ نئی دفاعی صلاحیتیں اس بات کو ثابت کرتی ہیں کہ پاکستان اپنی سمندری حدود کا دفاع کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل سے لیس ہے۔