کراچی: چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے ا یپ سپ کے زیر اہتمام ملک گیر آگاہی مہم "2030 کا پاکستان: چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں" کے سلسلے میں آئی او بی ایم کورنگی کریک میں سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں اپنی سمت کا تعین درست طریقے سے کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم صحیح راستے پر چلیں تو کامیابی خود بخود ملے گی۔
پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم صرف مہارت حاصل کرنے کے لیے نہیں، بلکہ اچھے انسان بننے کے لیے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم ڈاکٹر اور انجینئرز تو بنا رہے ہیں، لیکن اچھے انسان نہیں بنا رہے۔" ان کے مطابق ملک کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم انفرادی طور پر بھی اپنے کردار کی تعمیر کریں۔
انہوں نے پاکستان کی موجودہ حالت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں شفافیت کے حوالے سے ہم دنیا کے 137ویں نمبر پر ہیں، اور ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس میں بھی ہم ان ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں جہاں خانہ جنگی ہو رہی ہے۔ اس بات پر انہوں نے سب کو مل کر سوچنے اور کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
کراچی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ شہر کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے، لیکن اگر ہم سب مل کر اس پر توجہ دیں تو کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کام میں صرف سیاستدانوں کا نہیں، بلکہ طلبہ کا بھی بڑا کردار ہے۔
آخر میں، پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں نبی کریم ﷺ کے اصولوں کو اپنانا ہوگا تاکہ ہم ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکیں۔ ان کا پیغام واضح تھا کہ اگر طلبہ اپنی سمت درست کرلیں، تو وہ منفرد بن کر ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔