اے ڈی بی نے پاکستان کے لیے 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافی قرض منظور کر لیا

12:26 PM, 26 Nov, 2025

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کو 4 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا اضافی قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔ اے ڈی بی کے کنٹری ڈائریکٹر ایمافین کے مطابق یہ فنڈز بلوچستان میں پانی کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت جدید پائپڈ واٹر سپلائی سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جس سے پانی کے ضیاع میں کمی آئے گی اور بلوچستان میں پانی کی کمی کی سنگین صورتحال بہتر ہو گی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے بتایا کہ بلوچستان کی معیشت کا بڑا حصہ زراعت پر منحصر ہے اور یہاں کی 60 فیصد آبادی کا روزگار اسی شعبے سے جڑا ہوا ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں اور پانی کی کمی کے باعث زرعی شعبہ مشکلات کا شکار ہے، جس سے اس منصوبے کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق اس منصوبے کے تحت 1,839 ہیکٹر بارانی زمین پر پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی، اور اضافی قرض ژوب اور مولا کے دریائی علاقوں میں خرچ کیا جائے گا۔ اس سے ان علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

ایمافین نے یہ بھی کہا کہ اس اضافی قرض سے زراعت سے جڑی خواتین کے لیے معاشی مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ اس منصوبے میں جاپان فنڈ اور ہائی لیول ٹیکنالوجی فنڈ کی مشترکہ مالی مدد بھی شامل ہے۔

مزیدخبریں