ضمنی الیکشن: پنجاب کے عوام کی مریم نواز کی لیڈرشپ پر مہر

09:21 AM, 26 Nov, 2025

پاکستان میں سب سے زیادہ عروج اور کامیابیاں حاصل کرنے والے شاید واحد لیڈر میاں نواز شریف ہیں۔ جہاں انہوں نے کامیابیاں حاصل کی وہاں ان کے دشمن بھی بڑھ گئے۔ یہ دشمن صرف نواز شریف کی مقبولیت، لیڈرشپ اور کارکردگی کی وجہ سے بنے۔ نواز شریف کا طرز حکومت اور طرز سیاست بہت واضح ہے وہ اصولوں کی سیاست اور گڈگورننس کی حکومت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ پاکستان میں خدمت کی سیاست متعارف کرانے کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔ نواز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے پاکستان میں جدت لانے کی سوچ متعارف کرائی، وہ انفراسٹرکچر ہو صنعتی شعبہ، زراعت یا دفاع ان سب میں انقلاب اور جدت 1990 ء کے بعد ہی آیا ہے۔ اس سے پہلے ہم جدید دنیا سے کہیں پیچھے تھے۔ پاکستان میں آج جتنے بھی بڑے میگا پروجیکٹ ہیں ان میں تربیلہ ڈیم اور منگلا ڈیم کو نکال کے آپ جہاں بھی دیکھیں گے آپ کو نواز شریف کا نام ہی نظر آئے گا۔ نواز شریف پر اللہ تعالیٰ کی شاید خاص کرم نوازی ہے کہ جب بھی دنیاوی خدا بننے والے ان کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کرتے ہیں تو عوام دوبارہ ان دنیاوی خداؤں کے سامنے نواز شریف کو لا کر کھڑا کر دیتے ہیں۔ نواز شریف بھی اس کے بدلے میں عوام کو وہ سب کچھ مہیا کرنے میں لگ جاتے ہیں جس کی عوام ان سے توقع کرتے ہیں۔ موجودہ حالات کو دیکھا جائے تو نواز شریف اس وقت سپریم لیڈر کا درجہ اختیار کر چکے ہیں۔ ان کے بھائی وزیراعظم ہیں اور بیٹی وزیراعلیٰ پنجاب ہے پاکستان میں اس وقت جتنے بھی بڑے فیصلے ہو رہے ہیں وہ نواز شریف کی مرضی کے مطابق ہو رہے ہیں۔ نواز شریف کے تجربے اور ویژن سے سیکھتے ہوئے ہی مریم نواز تیزی سے ڈلیور کر رہی ہیں۔ حالیہ ضمنی الیکشن کے نتائج ایسے ہی مسلم لیگ ن کے حق میں نہیں آئے اس کے پیچھے نواز شریف کی لیڈرشپ اور مریم نواز کی ڈیڑھ سال کی دن رات محنت ہے۔ مریم نواز نے پہلے سال 90 منصوبے شروع کر دئیے ان میں 50 کے قریب منصوبے وہ مکمل بھی کر چکی ہیں۔ جن میں الیکٹرک بسیں، الیکٹرک موٹر سائیکل، سکالرشپ، گرین ٹریکٹر، سپر سیڈر، 20 ہزار کلومیٹر سڑکیں، مفت ادویات، فیلڈ ہاسپٹل، نواز شریف کینسر ہسپتال، کارڈیالوجی ہسپتال سرگودھا، اپنی چھت اپنا گھر، آسان کاروبار یہ چند ایک بڑے منصوبے ہیں جن سے براہ راست کروڑوں عام آدمی مستفید ہو رہے ہیں۔ جب لوگوں کو ایسی سہولیات ان کی دہلیز پر ملنا شروع ہوئی تو لوگوں کے ذہن بھی تبدیل ہو گئے کیونکہ دو سال تک مسلسل ایک جماعت اور اس کی قیادت کی جانب سے ریاست اور اپنے مخالف سیاست دانوں کے خلاف لوگوں کے ذہنوں میں نفرت اور انتشار بھرنے کی کوشش کی گئی۔ اس تاثرکو زائل کرنے کے لیے مریم نواز نے عوام کے دل جیتنے کی کوشش کی جس میں وہ کافی حد تک اب کامیاب ہو چکی ہیں کیونکہ ضمنی الیکشن میں عام انتخابات کی نسبت مسلم لیگ ن کے امیدوار زیادہ بڑی لیڈ اور مارجن کے ساتھ کامیاب ہوئے۔ جو حلقے تحریک انصاف کے سمجھے جاتے تھے وہاں سے مسلم لیگ ن بڑی لیڈ کے ساتھ کامیاب ہوئی۔ ان میں خصوصی طور پر لاہور کے این اے 129 فیصل آباد کا ایک حلقہ این اے 104، ہری پور سے این اے 18 اور میانوالی سے پی پی 73 کے حلقے تحریک انصاف کی جیتی ہوئی نشستیں تصور کی جاتی تھی ان نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں نے واضح برتری کے ساتھ فتح حاصل تھی۔ یہ مریم نواز کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی کے ثمرات ہیں۔ عوام جان چکے ہیں کھوکھلی تقریریں اور مولا جٹ کی بڑھکوں سے ان کے پیٹ بھرتے اور نہ ہی ان کے بنیادی مسائل حل ہوتے ہیں۔ پنجاب کے عوام نے مریم نواز کی لیڈرشپ پر مہر لگا دی ہے۔ مریم نواز نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک اچھی سیاست دان ہونے کے ساتھ ایک اچھی ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں جو فیتے کاٹنے پر یقین نہیں رکھتی ہیں بلکہ فلاحی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کو بھی یقینی بناتی ہیں۔ مریم نواز کی سب سے بڑی خوبی یہی ہے وہ کسی بھی منصوبے کا افتتاح تب کرتی ہیں جب عام آدمی کو اس کا فائدہ ملنا شروع ہو جاتا ہے۔ مریم نواز کا ویژن بہت کلیئر ہو چکا ہے اور ان کی ترجیحات بھی نمایاں ہو گئی ہیں۔ عام آدمی کے مسائل کا حل اور بنیادی سہولیات ان کی دہلیزتک پہنچانا ہی مریم نواز کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ مریم نواز نے خدمت کی سیاست کا جو ٹرینڈ متعارف کرایا ہے اسی چیز نے مریم نواز کو عوام میں مقبولیت اور پذیرائی دلائی ہے۔ الزامات لگانا اور ذاتیات کی سیاست کرنا شاید بہت آسان کام ہے لیکن ڈلیور کرنا اور اس کے ثمرات عوام تک پہنچانا صرف لیڈرشپ کا ہی کام ہے۔ یہ کوالٹی مریم نواز کو وراثت میں ملی ہے جس کا وہ بھرپور استعمال کر رہی ہے۔

مزیدخبریں