شرک کا انجام تباہی، کامیابی صرف تقویٰ اور شریعت پر عمل کرنے میں ہے: خطبہ حج

قیامت کا زلزلہ بہت بڑا اور عذاب شدید ہوگا، مائیں بچوں کو بھول جائیں گی؛ امتِ مسلمہ کو صبر، شکر اور نماز قائم کرنے کا حکم

02:57 PM, 26 May, 2026

میدانِ عرفات :مسجدِ نمرہ سے حج کا خطبہ دیتے ہوئے امامِ عالی مقام نے امتِ مسلمہ کے نام ایک جامع اور فکر انگیز پیغام جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ تمہارا معبود صرف ایک ہی ہے، لہذا اللہ کے سوا کسی غیر کی عبادت مت کرنا۔ جو شخص اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہراتا ہے، وہ گویا آسمان کی بلندی سے نیچے گر جاتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ توحید پر عملدرآمد ہی اہل ایمان کا خاصا ہے اور نبی اکرم ﷺ اللہ کے آخری رسول اور خاتم النبین ہیں۔

خطبہ حج میں قیامت کی ہولناکیوں کا نقشہ کھینچتے ہوئے امت کو خبردار کیا گیا کہ  بے شک قیامت کا زلزلہ بہت بڑا اور اللہ کا عذاب شدید ہوگا۔ اس دن کا منظر اس قدر خوفناک ہوگا کہ مائیں اپنے بچوں کو اور بچے اپنی ماؤں کو بھول جائیں گے اور ہر لمحہ رک جائے گا۔
امامِ حج نے واضح کیا کہ اللہ تعالیٰ ہی حق ہے جو مردوں کو دوبارہ زندہ کرے گا، اس لیے تقویٰ کا تقاضہ یہ ہے کہ ہم سب مل کر اس دن کی تیاری کریں۔
خطبہ حج میں اسلامی زندگی کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالتے ہوئے درج ذیل امور پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔  نماز قائم کرو، رمضان کے روزے رکھو، فریضہ حج ادا کرو اور جو رزق اللہ نے دیا ہے اس میں سے کثرت سے خیرات کرو، کیونکہ یہی بہترین لوگوں کا شیوہ ہے۔
 تمام مسلمانوں کو تاکید کی گئی کہ وہ باہمی معاملات اور اللہ سے کیے گئے عہد کی پاسداری کریں۔  مسلمانوں کو ہر مصیبت میں صبر کا دامن تھامے رکھنے کی تلقین کی گئی، کیونکہ صبر کرنے والوں کے لیے اللہ کے ہاں اجرِ عظیم ہے۔
اللہ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھانے کا حکم دیا گیا اور خبردار کیا گیا کہ جن قوموں نے بھی ظلم کیا اور ناشکری کی، ان سے اللہ کی نعمتیں چھین لی گئیں۔
خطبے کے اختتام پر کہا گیا کہ ایمان والوں کے سامنے جب بھی اللہ کی آیات پیش کی جاتی ہیں تو ان کے دل نرم پڑجاتے ہیں، اور اللہ اور بندے کا یہی سچا تعلق آخرت میں نجات کا اصل ذریعہ ہے۔

مزیدخبریں