مکہ مکرمہ: لبیک اللھم لبیک کی ایمان افروز صداؤں کے ساتھ حج کا رکنِ اعظم 'وقوفِ عرفہ' آج ادا کیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمینِ حج رات بھر منیٰ میں قیام اور عبادت کے بعد صبح سویرے ہی میدانِ عرفات پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
عازمینِ حج نے رات منیٰ کی خیمہ بستی میں کھلے آسمان تلے عبادات اور مناجات میں گزاری اور نمازِ فجر کے بعد میدانِ عرفات کی طرف پیش قدمی کی۔ حجاجِ کرام مسجدِ نمرہ سے حج کا روح پرور خطبہ سنیں گے، جس کے بعد ایک ہی اذان اور دو اقامتوں کے ساتھ ظہر اور عصر کی نمازیں قصر کر کے ایک ساتھ ادا کی جائیں گی۔
میدانِ عرفات میں دن بھر دعاؤں اور استغفار کے بعد، عازمین مغرب کا وقت ہوتے ہی مزدلفہ کے لیے روانہ ہوں گے، جہاں وہ رات کھلے آسمان تلے گزاریں گے اور جمرات (شیطان) کو مارنے کے لیے کنکریاں چنیں گے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق عازمین کی نقل و حرکت کو محفوظ بنانے کے لیے سیکیورٹی اور ٹریفک کا انتہائی مربوط پلان نافذ کیا گیا ہے، جبکہ گرمی کی شدت کو کم کرنے کے لیے عرفات کے میدان میں پانی کے اسپرے کا بھی خاص انتظام ہے۔
مناسکِ حج کا عروج، لاکھوں حجاجِ کرام خطبہِ حج سننے اور وقوفِ عرفہ کے لیے میدانِ عرفات میں جمع
09:12 AM, 26 May, 2026