تہوار اور اشعار

09:06 AM, 26 May, 2026

یوں تو حج اور عیدالاضحی لازم و ملزوم ہیں لیکن دونوں میں فرق یہ ہے کہ حج کی سعادت صرف ان خوش نصیبوں کے حصے میں آتی ہے جو اس نیت سے حجاز مقدس کا سفر اور مناسک حج ادا کرتے ہیں جبکہ عیدالاضحی دنیا بھر کے مسلمان مناتے ہیں اور قربانی کی سنت ابراہیمی ادا کرتے ہیں۔ اس بار پاکستانی قوم کے لیے ایک خوبصورت اتفاق یہ ہوا ہے کہ ایک اور دن بھی ان دونوں دنوں کی خوشیوں میں شامل ہو گیا ہے اور وہ دن ہے یوم تکبیر کا۔ سو حج، عیدالاضحی اور یوم تکبیر کی مشترکہ مبارکباد قبول فرمائیں۔
جس وقت یہ سطور آپ تک پہنچیں گی، مناسک حج جاری ہوں گے جبکہ اس سے اگلے روز دنیا بھر میں عیدالاضحی منائی جائے گی اور اس سے بھی اگلے روز پاکستان کے جوہری قوت بننے کی یاد میں یوم تکبیر منایا جائے گا۔ سو ان تینوں تہواروں کی مناسبت سے کچھ قطعات پیش خدمت ہیں تاکہ ثقیل نثری تحریر کی بجائے آپ کے لیے ان تینوں ایام کو کھٹی، میٹھی اور نمکین شاعری کے ذریعے پُر لطف بنایا جا سکے۔
اس سلسلے میں سب سے پہلے تو ذوالحجہ کی آمد کے حوالے سے ایک قطعہ ملاحظہ فرمائیں:
حج و قربانی کے نظارے کا
آ گیا ہے مہینہ دوبارہ
اہلِ ایمان کو مبارک ہو
یہ اطاعت کا پاک نظارہ
ہمارے یہاں ایک مسئلہ رویت ہلال کا اختلاف بھی ہے جو خوش قسمتی سے اس بار پیدا نہیں ہوا۔ خیر اس پر قطعہ پیش خدمت ہے:
اختلافِ رویتِ ہلال کا
مسئلہ ہے مدتوں سے حل طلب
شمسی اعتبار سے تو پیچھے ہیں
آگے ہیں حسابِ ماہ میں عرب
اب پیش خدمت ہے حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو مبارکباد:
حج کعبہ جنہیں نصیب ہوا
ان کو بے انتہا مبارک ہو
میرے مولا کر اپنی چوکھٹ کی
حاضری کا عطا شرف سب کو
اور اب لگے ہاتھوں عیدالاضحی کی مبارکباد بھی قبول فرما لیجیے:
گوشت پہنچائیے غریبوں کو
جتنا ممکن ہو اور جہاں تک ہو
آپ سب کو اے پیارے اہل وطن
عید الاضحی بہت مبارک ہو
عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بھی بڑا مسئلہ بنتی ہیں، ان کے حوالے سے ایک نصیحت:
ایک سنت کا دن مناتے ہوئے
دوسری بھی ہمیں ہے رکھنا یاد
اپنا ماحول صاف رکھیں سبھی
سب کو ہو عید کی مبارکباد
عیدالاضحی شریعت کی رو سے تین دن ہوتی ہے لیکن ہمارے یہاں دوسرے دن کو ”ٹرو“ کہا جاتا ہے، اس پر ایک قطعہ:
عید ہے تین دن شریعت میں
حکم اللہ نے دیا جس کا
لیکن اس کا جو دوسرا دن ہے
نام رکھا ہے کیوں ”ٹرو“ اس کا
اور اب آخر میں یوم تکبیر کی مبارکباد بھی قبول فرمائیں:
آج کے روز ہم کو وہ قوت ملی
کر سکیں جس سے عالم کو تسخیر ہم
سر زمانے میں اونچا ہوا قوم کا
سو مناتے ہیں اب یومِ تکبیر ہم

مزیدخبریں