پی ایس ایل 10 فائنل: لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا

12:05 AM, 26 May, 2025

لاہور : ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے فائنل میں لاہور قلندرز نے ایک سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایک اور کامیابی اپنے نام کر لی۔ یہ لاہور کی پی ایس ایل میں تیسری ٹائٹل جیت ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کوئٹہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

بیٹنگ کے شعبے میں نوجوان بلے باز حسن نواز نے 43 گیندوں پر 76 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جب کہ اویشکا فرنینڈو نے 29 اور دنیش چندیمیل نے 22 رنز بنائے۔ اختتامی اوورز میں فہیم اشرف نے صرف 8 گیندوں پر 28 رنز کی برق رفتاری اننگز کھیل کر اسکور کو تقویت دی۔

لاہور کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان مرزا اور حارث رؤف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے بلے بازوں نے اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی اور آخری اوور میں ہدف حاصل کر کے میچ اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ قلندرز نے تیسری مرتبہ پی ایس ایل کی ٹرافی اپنے قبضے میں لی۔

اس سیزن میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ دوسرا میچ تھا؛ پہلا میچ لاہور نے 79 رنز سے جیتا تھا، جبکہ دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں دونوں ٹیموں کے مابین 19 مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں دونوں نے 9، 9 بار فتح حاصل کی، جبکہ ایک میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوا۔

لاہور قلندرز کے اوپنر فخر زمان 442 رنز کے ساتھ ٹیم کے کامیاب ترین بیٹر رہے، جب کہ کوئٹہ کے سابق کپتان اور موجودہ ٹیم ڈائریکٹر سرفراز احمد نے لاہور کے خلاف مجموعی طور پر 357 رنز اسکور کیے ہیں۔

لاہور کی یہ تیسری اور مسلسل شاندار ٹائٹل جیت انہیں پی ایس ایل کی سب سے کامیاب ٹیموں میں شامل کر چکی ہے، جبکہ کوئٹہ اب تک ایک مرتبہ چیمپئن بن سکی ہے۔

مزیدخبریں