کیلیفورنیا: واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے چھ نئے فیچرز متعارف کروا دیے ہیں۔ کمپنی کی جاری کردہ بلاگ پوسٹ کے مطابق یہ اپ ڈیٹس 26 مارچ سے نافذ العمل ہیں اور آنے والے چند ہفتوں میں تمام صارفین کے لیے دستیاب ہو جائیں گی۔
اب آئی فون صارفین بھی ایک ہی ڈیوائس پر دو مختلف واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے، جو پہلے صرف اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ممکن تھا۔
فون میں جگہ بچانے کے لیے صارفین اب واٹس ایپ کے اندر موجود بڑی فائلز کو براہِ راست حذف کر سکیں گے۔ اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے درمیان چیٹ ہسٹری منتقل کرنا بھی آسان ہو گیا ہے، جس سے صارفین اپنے پیغامات نئے فون پر چند کلکس میں منتقل کر سکیں گے۔
واٹس ایپ اب ایموجیز کے مطابق اسٹیکرز کی تجاویز بھی پیش کرے گا، اور صارفین تصاویر بھیجنے سے پہلے میٹا اے آئی کی مدد سے بیک گراؤنڈ تبدیل کر سکیں گے، اضافی عناصر ہٹا سکیں گے یا نئے اسٹائل آزما سکیں گے۔
تاہم یہ فیچر ہر صارف کے لیے دستیاب نہیں ہوگا۔ نئے اے آئی رائٹنگ ہیلپ فیچر کے ذریعے چیٹ کے مطابق جوابات تجویز کیے جائیں گے، جنہیں صارف ڈرافٹ کر سکے گا، اور اس دوران اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن برقرار رہے گی۔