اسلام آباد : ترجمان دفترِ خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران پاکستان کی حالیہ متحرک سفارتی سرگرمیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اس وقت عالمی سطح پر اہم ترین ممالک کی قیادت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے تصدیق کی کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کی سنگین صورتحال پر مختلف ممالک کے سربراہوں سے تفصیلی مشاورت کی ہے ۔ وزیراعظم کی سعودی ولی عہد اور ایرانی صدر کے ساتھ موجودہ علاقائی بحران پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کویت، ترکیہ، اردن، لبنان اور مصر کے سربراہانِ مملکت سے بھی رابطہ کیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے آذربائیجان اور بنگلادیش کے سربراہوں سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں امنِ عالم کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم بھی سفارتی محاذ پر انتہائی سرگرم ہیں اور خطے کے ممالک کے ساتھ مسلسل رابطوں میں ہیں۔ وہ ناروے، سعودی عرب اور آذربائیجان سمیت مختلف ممالک کی قیادت کے ساتھ مل کر مشرقِ وسطیٰ میں قیامِ امن کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے عالمی سطح پر مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامو فوبیا کے خلاف ہر عالمی فورم پر بھرپور آواز اٹھا رہا ہے۔ مساجد، خواتین اور بچوں پر حملوں کے خلاف پاکستان کا موقف انتہائی واضح اور دو ٹوک ہے۔ پاکستان سری نگر کی تاریخی جامع مسجد کی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتا ہے اور اسے مذہبی آزادیوں پر حملہ قرار دیتا ہے۔
"پاکستان امن کا محور: وزیراعظم کے عالمی قائدین سے ہنگامی رابطے"، ترجمان دفترِ خارجہ کی اہم پریس بریفنگ
02:49 PM, 26 Mar, 2026