اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کی جانب سے پاکستان کی معیشت اور وقار کے خلاف بین الاقوامی سطح پر چلائی جانے والی مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی بقا کی خاطر ملک کی تضحیک کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے جنیوا میں پیش آنے والی صورتحال کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی عالمی سطح پر ملک کے خلاف پروپیگنڈا کرنے میں براہِ راست ملوث ہے۔ بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کی تضحیک کرنے والوں کو اپنی حرکتوں پر شرم آنی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہاکوئی بھی سیاسی جماعت یا لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں ہو سکتا۔ قومی مفاد سب سے اوپر ہے، جبکہ ذاتی اور سیاسی مفادات کی ریاست کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کا پاکستان مخالف مطالبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ گروہ اقتدار کی ہوس میں ملکی سالمیت کو بھی داؤ پر لگا سکتا ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ کون مشکل وقت میں ریاست کے ساتھ کھڑا ہے اور کون غیر ملکی ایوانوں میں جا کر پاکستان کی پیٹھ میں چھرا گھونپ رہا ہے۔ حکومت ملک دشمن عناصر کو ہر محاذ پر بے نقاب کرتی رہے گی۔
"ریاست کے خلاف عالمی سازش نامنظور": عطا تارڑ کا بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کی ملک دشمن مہم پر بھرپور جوابی وار
01:41 PM, 26 Mar, 2026