واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی آپریشن اور داخلی سیاسی صورتحال پر ایک جارحانہ خطاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکہ جنگ جیتنے کے دہانے پر ہے اور "فیک نیوز" کے ذریعے پھیلایا جانے والا شکست کا تاثر سراسر غلط ہے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکی حملوں میں ایران کی بحریہ اور فضائیہ کو مکمل طور پر ملیا میٹ کر دیا گیا ہے، اب ایران کے پاس دفاع کے لیے کچھ نہیں بچا۔صدر نے تصدیق کی کہ B-2 اسٹیلتھ بمبار طیاروں نے ایرانی جوہری مراکز کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تہران کے ایٹمی عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ امریکی دفاعی نظام نے ایران کے 100 سے زائد میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے، جو امریکی مفادات کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایرانی قیادت اس وقت شدید دباؤ میں ہے اور پسِ پردہ "بے تابی" سے کسی معاہدے (Deal) کی تلاش میں ہے، تاہم وہ عوامی سطح پر اس کا اعتراف کرنے سے ڈر رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا اگر ایرانی قیادت نے اب بھی ڈیل سے انکار کیا، تو انہیں ایسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
صدر نے اوباما اور بائیڈن انتظامیہ کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ماضی کی غلطیوں نے امریکہ کو کمزور کیا، لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹس پر امیگریشن کے مسائل حل کر لیے گئے ہیں اور ضرورت پڑی تو نیشنل گارڈز بھی سڑکوں پر لائے جا سکتے ہیں۔ٹرمپ نے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹس کی وجہ سے ہوم لینڈ سیکیورٹی کی فنڈنگ رکی، جس سے ایئرپورٹس کا انتظام متاثر ہوا۔خطاب کے آخر میں صدر ٹرمپ نے سیاسی مخالفین کو للکارتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ مڈٹرم انتخابات میں کلین سویپ کریں گے اور امریکی عوام ان کی "امریکہ فرسٹ" پالیسی پر مہرِ تصدیق ثبت کریں گے۔
ٹرمپ کا ایران کو الٹی میٹم: 'ڈیل کرو یا سنگین نتائج بھگتو'، ایرانی بحریہ اور فضائیہ تباہ کرنے کا دعویٰ
09:26 AM, 26 Mar, 2026