کراچی:کراچی میں کارساز روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق، حادثے میں جاں بحق ہونے والے مرد کی عمر 30 اور خاتون کی عمر 25 سال تھی۔
پولیس نے بتایا کہ حادثے کے بعد موقع پر موجود شہریوں نے فوری طور پر کار کے ڈرائیور کو پکڑ لیا اور اس پر تشدد بھی کیا۔ پولیس نے پہنچ کر ڈرائیور انیق کو گرفتار کر لیا۔ ڈرائیور کے مطابق، یہ حادثہ اس کی تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔
دونوں میاں بیوی اللہ والا ٹاؤن کے رہائشی تھے اور کام سے واپس آ رہے تھے۔ خاتون نارتھ کراچی میں سکول کی ٹیچر تھی اور مرد ایاز فیکٹری میں کام کرتا تھا۔
پولیس نے ڈرائیور کو تھانے منتقل کر دیا ہے، اور تحقیقات جاری ہیں۔ یہ حادثہ ملیر ہالٹ بس سٹاپ پر 24 مارچ کو ہونے والے ایک اور ٹریفک حادثے کے بعد سامنے آیا جس میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے ایک اور میاں بیوی اور ان کا نومولود بچہ جاں بحق ہو گئے تھے۔