اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ طے پا لیا ہے، اور مخالفین کے دعووں کے باوجود منی بجٹ نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے میں آئی ایم ایف کے ساتھ صوبوں کا بھرپور تعاون قابل ستائش ہے اور اس کی کامیابی حکومت کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
وزیراعظم نے بتایا کہ محصولات کی وصولی میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 26 فیصد اضافہ ہوا ہے اور تنخواہ دار طبقے نے اس میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے اسحاق ڈار اور دیگر وفاقی وزیروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آئی ایم ایف معاہدے کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے رمضان پیکیج کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز میں کرپشن کے خاتمے کے لیے ڈیجیٹل والٹ کا اجراء کیا گیا تاکہ مستحق افراد تک شفاف طریقے سے امداد پہنچ سکے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر آرمی چیف کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ معاہدہ طے پانے میں ان کی محنت اور لگن کا بڑا عمل دخل رہا۔