لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کی خریداری کے دوران خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے اہم قدم اٹھایا ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں خواتین کی حفاظت کے لیے خصوصی لیڈی پولیس سکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں، جو بازاروں میں گشت کر کے خواتین اور فیملیز کو ہراسانی، چھینا جھپٹی اور دیگر جرائم سے بچائیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر، صوبے بھر میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ویمن پولیس سکواڈ قائم کیے گئے ہیں۔ یہ سکواڈ پنجاب کے مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں گشت کر رہے ہیں، اور ان میں سائیکل، موٹر سائیکل اور پیدل ٹیمیں شامل ہیں۔
لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی خواتین پولیس اہلکار گشت کر رہی ہیں۔ لاہور میں ڈولفن پولیس کا خصوصی سکواڈ بھی مارکیٹوں میں خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لیے موجود ہے۔ لاہور کے 65 بڑے تجارتی مراکز پر ڈولفن پولیس کے سائیکل سکواڈ کی پٹرولنگ شروع ہو گئی ہے، اور شہر بھر میں 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اس عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔