واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اعلیٰ عہدیداروں کی خفیہ چیٹ میں کوئی حساس معلومات افشا نہیں کی گئیں، اور حوثیوں پر حملوں کے بارے میں کی جانے والی گفتگو میں بھی کوئی خفیہ مواد شامل نہیں تھا۔
وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس چیٹ کی تحقیقات ایف بی آئی کا مسئلہ نہیں ہیں، اور قومی سلامتی کے مشیر بہترین طریقے سے کام کر رہے ہیں، انہیں معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا کے پاس دنیا کی بہترین سگنل ٹیکنالوجی ہے اور یوکرین کی صورتحال میں پیشرفت ہو رہی ہے۔ مشرق وسطیٰ میں بھی صورتحال بہتر ہو رہی ہے، اور روس سے پابندیاں ہٹانے کے حوالے سے کوئی درخواست آئے تو اس پر غور کیا جائے گا۔ بلیک سی ڈیل کے بارے میں بھی شرائط کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ صورتحال اس وقت پیچیدہ ہوئی جب "دی اٹلانٹک" میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں انکشاف کیا گیا کہ ایک گروپ چیٹ میں امریکی حکام یمن میں بمباری کے منصوبوں پر گفتگو کر رہے تھے، اور اس چیٹ میں ایڈیٹر انچیف جیفری گولڈ برگ کو بھی شامل کیا گیا تھا۔