پاسپورٹ سروسز میں بڑی ڈیجیٹل اصلاحات کا اعلان، موبائل ایپ اور ہوم ڈلیوری سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

06:11 PM, 26 Jun, 2026

اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ نظام کو جدید بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری کے لیے وسیع پیمانے پر ڈیجیٹل اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایک نیا موبائل ایپ تیار کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے شہری گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے، تجدید کر سکیں گے اور اپنی درخواستوں کی پیش رفت بھی آن لائن دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے ہوم ڈلیوری سروس شروع کرنے کی منصوبہ بندی بھی جاری ہے، جس کے تحت پاسپورٹس براہِ راست شہریوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے تاکہ دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات مل سکے۔

ڈی جی کے مطابق جلد ہی QR کوڈ پر مبنی ادائیگی کا نظام بھی نافذ کیا جائے گا جس سے نہ صرف ادائیگی کا عمل تیز اور محفوظ ہوگا بلکہ شفافیت میں بھی اضافہ ہوگا اور کرپشن و غیر قانونی مداخلت کی روک تھام ممکن بنے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات کے مطابق نافذ کی جا رہی ہیں جن کا مقصد عوامی خدمات کو آسان، تیز اور مؤثر بنانا ہے۔

محمد علی رندھاوا نے کہا کہ حکومت کا وژن ایک ایسا ڈیجیٹل نظام قائم کرنا ہے جو شفافیت، کارکردگی اور شہری سہولت کو اولین ترجیح دے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی اصلاحات کے بعد پاسپورٹ سروسز زیادہ قابلِ اعتماد، جدید اور بدعنوانی سے پاک ہو جائیں گی۔

مزیدخبریں