ایران بحران میں پاکستان کا سفارتی کردار تاریخ میں یاد رکھا جائے گ: خواجہ آصف

05:45 PM, 26 Jun, 2026

سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ایران سے متعلق حالیہ بحران میں پاکستان نے امن کے قیام اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر سفارتی کردار ادا کیا، جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یومِ عاشور ایسے موقع پر آیا جب خطہ شدید کشیدگی سے گزر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام نے اپنے طرزِ عمل سے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد تازہ کر دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بحران کے دوران صلح اور امن کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کیں، جس کے باعث نہ صرف خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مدد ملی بلکہ پاکستان پوری امتِ مسلمہ کے سامنے بھی سرخرو ہوا۔ ان کے بقول، پاکستان کی یہ سفارتی کاوش تاریخ میں ایک اہم باب کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ دعا ہے لبنان کے عوام اسرائیلی مظالم سے نجات حاصل کریں، جبکہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلمان ظلم و ستم کا سامنا کر رہے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں آزادی، امن اور تحفظ عطا فرمائے۔

مزیدخبریں