مریم نواز کا بڑا قدم ، پنجاب کے 189 شہروں کی ترقی کی منظوری

02:47 PM, 26 Jun, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے 189 شہروں میں ترقیاتی کاموں کی منظوری دے دی ہے۔ یہ فیصلہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت خود وزیراعلیٰ نے کی۔

اجلاس میں سڑکوں اور عمارتوں سے متعلق منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں وہ سڑکیں جنہیں 30 سال سے نہیں چھوا گیا، اب ان کی تعمیر کا کام شروع ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور نمائندے اس تبدیلی سے خوش ہیں کیونکہ برسوں بعد سڑکوں کی مرمت اور تعمیر پر توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صرف سڑکیں نہیں بن رہیں، بلکہ ان کے معیار پر بھی سخت نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ دیرپا اور مضبوط انفرااسٹرکچر فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم کو شاندار کارکردگی پر سراہا اور بتایا کہ اب تک 1214 سڑکیں، جن کی لمبائی تقریباً 12 ہزار کلومیٹر ہے، مکمل ہو چکی ہیں۔

اجلاس میں روایتی ٹھیکیداری نظام کو ختم کر کے ڈیجیٹل ٹال سسٹم لانے پر بھی اتفاق ہوا تاکہ نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔

ملتان-وہاڑی ایڈیشنل کیرج وے، فیصل آباد-چنیوٹ روڈ، اور لاہور، لیہ، بھکر کو ملانے والی ایکسپریس وے جیسے اہم منصوبوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ مریم نواز نے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبے رواں سال کے آخر تک مکمل کیے جائیں تاکہ عوام جلد ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔

مزیدخبریں