غزہ اور کشمیر کے بچوں پر ظلم دنیا کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے، عاصم افتخار

11:01 AM, 26 Jun, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بچوں اور مسلح تنازعات کے موضوع پر ہونے والے اہم مباحثے میں پاکستان نے غزہ اور مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو درپیش سنگین حالات پر دنیا کی توجہ دلائی۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، عاصم افتخار نے کہا کہ جنگ زدہ علاقوں میں بچوں پر تشدد خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ انہوں نے غزہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ہزاروں بچے شہید ہو چکے ہیں، لیکن افسوس کی بات ہے کہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی سالانہ رپورٹ میں طویل عرصے تک شامل ہی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بچوں کی حالت پر بھی سخت تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری بچے غیر ملکی قبضے کے سائے تلے خوف اور جبر کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مگر اس کے باوجود ان کی حالت کو اقوام متحدہ کی رپورٹ سے نکال دیا گیا، جو انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔

عاصم افتخار نے 6 اور 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستانی شہری علاقوں پر حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں 15 معصوم بچے شہید ہوئے، اور یہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی انسانی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ معصوم بچوں کو جنگوں، قبضے اور ظلم سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں، کیونکہ ان کی زندگیوں کا تحفظ انسانیت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں