مون سون 2026، قومی سطح پر ہنگامی تیاریوں کا جائزہ؛ حساس علاقوں کی نگرانی کا فیصلہ

04:35 PM, 26 Jul, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم کی ہدایات پر قائم ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس میں مون سون 2026 کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی سطح کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے کی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، چیئرمین این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک کے بڑے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم مون سون کے دوران موسم، دریاؤں کی صورتحال اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے گی۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے امدادی کارروائیوں، انخلا کے منصوبوں، ہنگامی رابطہ کاری اور ریسپانس تیاریوں پر بریفنگ دی۔

وفاقی وزرا نے ہدایت کی کہ پیشگی وارننگ نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور وفاقی، صوبائی و ضلعی اداروں کے درمیان رابطہ کاری مضبوط کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

اجلاس میں مون سون سیزن کے دوران عوامی آگاہی مہم جاری رکھنے اور قیمتی جانوں، روزگار اور قومی تنصیبات کے تحفظ کے لیے مربوط حکمت عملی پر عملدرآمد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

مزیدخبریں