گورنر پنجاب سے امریکی کانگریسی وفد کی ملاقات، امن اور معاشی تعاون پر گفتگو

02:33 PM, 26 Jul, 2026

لاہور: امریکی کانگریس کے اعلیٰ سطحی نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات، علاقائی سلامتی، معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں اہمیت رکھتی ہیں۔

گورنر پنجاب نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف، صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے امن کے لیے کیے گئے اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔

امریکی کانگریسی وفد نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشیں قابلِ قدر ہیں۔ وفد نے گورنر پنجاب کی مہمان نوازی کی تعریف کی اور انہیں امریکہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔

بعد ازاں امریکی وفد نے گورنر ہاؤس لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مغل دور کی تاریخی نوادرات اور جنگی سامان میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں