مثالی گاؤں منصوبہ عوامی ضروریات کے مطابق بنایا جائے گا:مریم نواز

03:53 PM, 26 Jul, 2025

لاہور:  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مثالی گاؤں منصوبہ عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا جائے گا، تاکہ ہر گاؤں کی ترقی کے لیے حقیقی ضروریات کو ترجیح دی جا سکے۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مثالی گاؤں، ستھرا پنجاب اور ویسٹ ٹو ویلیو منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مثالی گاؤں پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا، اور وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تکمیل کے لیے ایک مستقل ڈیڈ لائن مقرر کرنے کی ہدایت کی۔

پختہ سڑکیں، چلڈرن پارک، شجرکاری اور گلیوں کی بحالی جیسے اقدامات بھی مثالی گاؤں منصوبے کا حصہ ہوں گے۔ گاؤں کے تمام گھروں پر نمبر لگانے اور سائن بورڈز نصب کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

اجلاس میں سولر پاور سے چلنے والے واٹر سپلائی ماڈل اور سیوریج سسٹم پر بھی تفصیل سے بات کی گئی۔ پائلٹ فیز کے تحت 130 دیہات میں ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ مثالی گاؤں منصوبے کا مقصد ہر گاؤں کو مکمل طور پر ترقی دینا ہے تاکہ وہاں کے رہائشیوں کو بہترین معیار کی زندگی فراہم کی جا سکے۔

مزیدخبریں