امریکا کے ساتھ بہت جلد تجارتی معاہدہ ہوگا، اسحٰق ڈار

09:30 AM, 26 Jul, 2025

واشنگٹن : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان امداد نہیں بلکہ تجارت چاہتا ہے، اور امریکا کے ساتھ بہت جلد ایک جامع تجارتی معاہدہ طے پانے والا ہے۔

واشنگٹن میں اٹلانٹک کونسل کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ امریکی مصنوعات کو پاکستان میں زیادہ رسائی دی جا رہی ہے جبکہ پاکستان بھی امریکی منڈیوں تک مؤثر رسائی حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے زیادہ برآمدات امریکا کو ہوتی ہیں، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ ہمارا تعلق کثیر الجہتی نوعیت کا ہے اور پاکستان تنازعات کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے۔

اس موقع پر اسحٰق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے حالیہ ملاقات کو مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے پاک-بھارت جنگ بندی میں امریکا کے کردار کو بھی سراہا۔

معاشی امور پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو حکومت سنبھالنے کے بعد سخت معاشی چیلنجز کا سامنا تھا، تاہم اب ملک میں میکرو اکنامک استحکام آ چکا ہے اور مہنگائی میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کو بدستور ایک بڑا چیلنج قرار دیا۔

خارجہ پالیسی پر گفتگو کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، جبکہ بیت المقدس کو آزاد فلسطینی ریاست کا دارالحکومت ہونا چاہیے۔

ملکی سیاست پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد قانون اپنا راستہ خود لے رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات موجودہ حکومت نے نہیں بنائے، بلکہ تمام کیسز عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

اسحٰق ڈار نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ دہائیوں سے امریکا میں قانونی عمل کے تحت قید ہیں اور پاکستان اس معاملے پر مسلسل رابطے میں ہے۔

مزیدخبریں