سفید چادر میں لپٹا بلوچستان: برفباری کے سائے میں پاک فوج کا ریلوے سیکیورٹی مشن

10:23 PM, 26 Jan, 2026

کوئٹہ: جہاں شدید سردی اور برفباری نے قدم جمانا مشکل کر دیا ہے، وہیں بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں پاک فوج کے جوان ریلوے ٹریکس کی حفاظت کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ موسم کی سختی اور دہشت گردی کے خطرات بھی مسافروں کے تحفظ کے لیے مامور ان جوانوں کے حوصلے پست نہ کر سکے۔
بلوچستان میں سردی کی حالیہ لہر کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت کو شدید خطرات لاحق تھے، تاہم پاک فوج نے ان حالات میں فرنٹ لائن پر آ کر ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔     جعفر ایکسپریس اور بولان ایکسپریس جیسے اہم سفر کو محفوظ بنانے کے لیے میلوں طویل ٹریکس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔جوان نہ صرف مائنس درجہ حرارت کا مقابلہ کر رہے ہیں بلکہ شرپسند عناصر کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ریلوے حکام اور عوام نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے انہیں "قوم کا حقیقی فخر" قرار دیا ہے۔ برفباری کے دوران ٹریکس پر پہرہ دیتے جوانوں کا کہنا ہے کہ عوامی جان و مال کی حفاظت ان کا اولین فریضہ ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا یہ سلسلہ 27 جنوری تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے پیشِ نظر پاک فوج کے دستے ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے  تیار ہیں۔

مزیدخبریں