اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جدید مانیٹرنگ سسٹم "شکرا" (سیکوئر ہائبریڈ انٹیلیجنس فار نالج بینڈ ریسپانس انالیٹکس) کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس سسٹم کا مقصد پاسپورٹ کی درخواستوں، پرنٹنگ اور مجموعی کارکردگی کی مانیٹرنگ کو جدید طریقے سے ممکن بنانا ہے۔
وزیر داخلہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سسٹم کے ذریعے 24/7 مانیٹرنگ روم اور کال سنٹر بھی فعال کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، وزیر داخلہ کی ہدایت پر ایمرجنسی ٹریول ڈاکومنٹ کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔
محسن نقوی نے اس جدید سسٹم کو متعارف کرانے پر ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ سسٹم اب عالمی معیار کے مطابق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے سسٹم کے ذریعے پاسپورٹ کی درخواست سے لے کر اس کی ڈیلیوری تک ہر مرحلے کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، جو شہریوں کو تیز اور محفوظ خدمات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔
وزیر داخلہ نے اس موقع پر کہا کہ جدید مشینوں اور خودکار سسٹم کے استعمال سے نہ صرف محکمہ کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، بلکہ انسانی مداخلت کم ہو جائے گی۔ نئے سسٹم میں پاسپورٹ دفاتر میں رش کی خودکار شناخت اور مشینوں کی کارکردگی کی نگرانی بھی ممکن ہو گی۔
اس دورے کے دوران وزیر داخلہ نے ای مانیٹرنگ روم، کال سنٹر، فرانزک لیب اور جدید پروڈکشن یونٹ کا بھی جائزہ لیا۔