واشنگٹن : امریکا کی متعدد ریاستوں میں حالیہ برسوں کے سب سے شدید برفانی طوفان کا سامنا ہے، جس کے باعث 7 افراد ہلاک ہو گئے اور نظام زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ واشنگٹن، نیویارک، ٹیکساس، اوکلاہوما، نیوجرسی سمیت کئی ریاستوں میں برفباری، بارش اور سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔
نیویارک کے دیہی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 49 ڈگری تک گر گیا ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو چکا ہے۔ برفباری کی وجہ سے 16 ہزار سے زیادہ پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں اور 8 لاکھ سے زائد لوگ بجلی سے محروم ہو چکے ہیں۔ امریکا کی 24 ریاستوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور 40 ریاستوں میں تقریباً 24 کروڑ افراد اس سردی سے متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے بتایا کہ ریاست میں کئی برسوں بعد اتنے شدید طوفان کا سامنا ہوا ہے، اور نیویارک کے مختلف علاقوں میں 8 سے 18 انچ تک برف پڑنے کا امکان ہے۔ گورنر نے عوام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں۔
موسمیات کے ماہرین کے مطابق یہ برفانی طوفان اگلے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے مزید مشکلات اور نقصان کا اندیشہ ہے۔