بارش اور برفباری کا نیا سسٹم ملک میں داخل، لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ

01:23 PM, 26 Jan, 2026

لاہور : پاکستان میں بارش برسانے والا نیا موسمی سسٹم داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں مزید بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، آج سے لے کر کل تک بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جس سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

اسلام آباد میں رات کے وقت تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ سندھ کے مختلف علاقے جیسے سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد اور دادو میں بھی بارش کی توقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقے جیسے چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور شانگلہ میں مزید برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان کے علاقوں استور، ہنزہ، اسکردو اور مری میں بھی برفباری کا امکان ہے۔

آزاد کشمیر کے پونچھ اور حویلی میں بھی مزید بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، زیارت، چمن اور پشین میں برفباری کی توقع ہے۔

بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے کئی علاقوں میں برفباری اور بارش کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے۔ نوشکی، ہرنائی اور ژوب میں برفباری کے باعث سڑکوں کے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ بالائی خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بلوچستان کے متعلقہ اضلاع میں الرٹ جاری کیا ہے اور قومی شاہراہوں پر مشینری اور عملہ تعینات کر دیا ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور کان مہترزئی اور کوئٹہ میں ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 24 گھنٹے فعال ہیں۔ امدادی سامان جیسے خوراک اور کمبل متاثرہ علاقوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔موسمی حالات کی شدت کے پیش نظر حکام نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔

مزیدخبریں