احمد آباد : ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو زبردست کھیل کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ پکی کر لی۔ اس فتح کے ساتھ بھارت کے لیے بھی سیمی فائنل کی امیدیں برقرار رہیں۔
گروپ ون کے اس اہم میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز اسکور کیے۔ جیسن ہولڈر نے 49 رنز بنائے جبکہ روماریو شیفرڈ نے ناقابل شکست 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ مضبوط کیا۔
جنوبی افریقہ کے بولرز میں لنگی اینگیڈی سب سے کامیاب رہے اور 3 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کگیسو رباڈا اور کوربن بوش نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔
جواب میں جنوبی افریقہ نے 177 رنز کا ہدف محض ایک وکٹ کے نقصان پر 17ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔ کپتان ایڈن مارکرم نے شاندار 82 رنز بنائے، کوئنٹن ڈی کوک نے 47 اور ریان رکیلٹن نے 45 رنز کے ساتھ ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سپر ایٹ مرحلے میں پہلے میچز میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنز سے شکست دی تھی جبکہ جنوبی افریقہ نے بھارت کو 76 رنز سے ہرایا۔
فی الحال گروپ ون میں ویسٹ انڈیز 2 پوائنٹس کے ساتھ پہلے اور جنوبی افریقہ بھی 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر ترتیب طے کی گئی ہے۔