کراچی ؒپاکستانی شوبز کی معروف شخصیات میں شامل انجلین ملک نے مداحوں کو خوشخبری سنائی ہے کہ ان کے حالیہ میڈیکل اسکینز کلیئر آ گئے ہیں اور وہ اس وقت کینسر فری ہیں۔
انسٹاگرام پر جاری پیغام میں انجلین ملک نے بتایا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے، لیکن کینسر کے بعد کا سفر ابھی مکمل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کسی مریض کو مکمل طور پر کینسر فری قرار دینے کے لیے دو سے پانچ سال تک مسلسل کلیئر اسکینز کی ضرورت ہوتی ہے اور بعض کیسز میں یہ مدت دس سال تک بھی جا سکتی ہے۔
انجلین ملک نے جذباتی انداز میں کہا کہ زندگی کے اس مرحلے میں کچھ دن امید کے ساتھ گزرتے ہیں اور کچھ دن خوف کے ساتھ، مگر وہ ہر دن کا سامنا حوصلے، شکرگزاری اور عزم کے ساتھ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے لیے شکر گزار ہیں، کل کے لیے تیار ہیں اور کبھی ہار نہیں مانیں گی۔
ان کی اس مثبت خبر کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے دعاؤں اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے، جو ان کی ہمت اور استقامت کو سراہ رہے ہیں۔