اسلام آباد : متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید پاکستان کے اپنے پہلے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی۔
پاکستانی دفترِ خارجہ کے مطابق، یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی اور برادرانہ تعلقات کا عکاس ہے۔ اس دورے میں یو اے ای کے صدر کے ہمراہ وزرا اور سینئر حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی آیا ہے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام پر بات چیت ہوگی، جو کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری لائے گی۔
یو اے ای کے صدر کی پاکستان آمد پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے انہیں فضائی سلامی دی، اور ان کے طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے پر محفوظ کیا۔
اس دورے کے پیش نظر، اسلام آباد میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے باعث شہر کے بیشتر حکومتی دفاتر بند رہیں گے۔ سینیٹ، قومی اسمبلی، اور ہائیکورٹ میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے، لیکن اسپتال، بینک اور دیگر ضروری سروسز کی دفاتر کھلے رہیں گے۔