زمین کے ابتدائی دور میں نچلے مینٹل میں پانی کے بڑے ذخائر موجود تھے، سائنسدانوں کی تحقیق

02:43 PM, 26 Dec, 2025

بیجنگ : چینی سائنسدانوں نے اپنی تازہ تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ زمین کے ابتدائی دور میں اس کے نچلے مینٹل میں بڑی مقدار میں پانی موجود تھا۔ یہ تحقیق چائینیز اکیڈمی آف سائنسز کے گوانگژو انسٹیٹیوٹ آف جیو کیمسٹری کے ماہرین نے کی اور اس کا جائزہ عالمی سائنسی جریدے سائنس میں شائع کیا گیا ہے۔

تحقیق کے مطابق، چار ارب سال سے بھی زیادہ عرصہ پہلے زمین کے نچلے مینٹل میں پانی کی موجودگی کا امکان تھا۔ سائنسدانوں نے جدید لیبارٹری تکنیک کا استعمال کرتے ہوئے یہ جانچنے کی کوشش کی کہ جب زمین ٹھنڈی ہو کر پگھلے ہوئے لاوے سے ٹھوس شکل میں تبدیل ہوئی، تو اس دوران پانی کا رویہ کیسا رہا ہوگا۔

اس تحقیق میں برجمینائٹ نامی معدن کا مطالعہ کیا گیا جو زمین کے نچلے مینٹل میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے اور پانی کو اپنے اندر محفوظ رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یہ دریافت زمین پر پانی کی ابتدا اور اس کے ارتقا کو سمجھنے میں اہم پیشرفت ثابت ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں