پاکستان کا پہلا خلا باز 2026 میں چین کے خلائی سٹیشن پر جائے گا، سپارکو کا اعلان

03:06 PM, 26 Dec, 2025

اسلام آباد : پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر کمیشن (سپارکو) نے کہا ہے کہ 2026 میں پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا۔ سپارکو کے ترجمان کے مطابق، 2025 پاکستان کے لیے خلائی تحقیق کے میدان میں ایک اہم سال رہا ہے، کیونکہ اس سال پاکستان نے 3 بڑے سیٹلائٹس خلا میں بھیجے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ جنوری 2025 میں پاکستان کا پہلا الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ چین کے ذریعے خلا میں بھیجا گیا جس سے زمین پر مشاہدات کی صلاحیت میں اضافہ ہوا۔ اسی سال جولائی میں پاکستان نے ایک اور ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ خلا میں بھیجا، جس سے پاکستان کی زمینی مشاہداتی طاقت میں مزید بہتری آئی۔

اس کے علاوہ، اکتوبر 2025 میں سپارکو نے پاکستان کا پہلا ہائیر سپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں بھیجا، جس سے پاکستان کی خلا میں موجود سیٹلائٹس کی تعداد 7 ہوگئی۔ اس سال پاکستان نے اپنے ایسٹروناٹ پروگرام کا بھی آغاز کیا، جو خلائی میدان میں ایک اور بڑی کامیابی ہے۔

سپارکو نے یہ بھی بتایا کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 2026 میں چین کے خلائی سٹیشن پر بھیجا جائے گا۔ مزید برآں، پاکستان نے چاند پر قدم جمانے کے لیے روور پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ پاکستان میں تیار کردہ روور 2028 میں چین کی مدد سے چاند پر اتارا جائے گا۔

مزیدخبریں