اسلام آباد/کراچی : ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ METAP خطے (مشرقِ وسطیٰ، ترکیہ، افریقہ، پاکستان اور جنوبی ایشیا) میں ٹک ٹاک ایڈ ایوارڈز 2025 دوبارہ منعقد کیے جائیں گے۔ یہ ایوارڈز دسمبر 2025 میں سعودی عرب کے شہر ریاض میں منعقد ہوں گے، جہاں ٹک ٹاک پر تخلیقی اور کامیاب اشتہاری مہمات کو سراہا جائے گا۔
شرکاء کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اپنی مہمات جو یکم اکتوبر 2024 سے 31 اکتوبر 2025 کے دوران ٹک ٹاک پر چلائی گئی ہوں، اس میں حصہ لیں۔ درخواستیں 18 اگست سے شروع ہوچکی ہیں اور 31 اکتوبر 2025 تک جمع کرائی جا سکیں گی۔ اس مقابلے میں پاکستان سمیت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، لبنان، عراق، مصر، ترکیہ، مراکش، کینیا، نائیجیریا، جنوبی افریقہ، قازقستان، آذربائیجان، قبرص، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے برانڈز اور ایجنسیاں شامل ہوسکیں گی۔
ایوارڈز میں مختلف کیٹیگریز شامل ہیں جن میں تخلیقی آئیڈیاز، کمیونٹی انگیجمنٹ، مکمل مارکیٹنگ حکمت عملی، برانڈنگ، بجٹ میں زیادہ اثر، آواز پر مبنی مہمات، اور عوامی پسند شامل ہیں۔ تمام داخل شدہ مہمات کا جائزہ لے کر بہترین کو 'دی گریٹسٹ آف آل ٹائم' (G.O.A.T) کا اعزاز بھی دیا جائے گا۔
ٹک ٹاک کے جنرل منیجر شادی قندیل نے کہا ہے کہ پچھلے سال کی کامیابی کے بعد ہم اس سال بھی ریاض میں ایک شاندار ایوارڈ تقریب کے منتظر ہیں، جہاں تخلیقی اور ثقافتی لحاظ سے نمایاں اشتہاری مہمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔
فاتحین کا اعلان دسمبر 2025 میں ریاض میں منعقد ہونے والی تقریب میں کیا جائے گا۔