9مئی کی منصوبہ بندی بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے ہوئی، طلال چودھری

06:10 PM, 26 Aug, 2025

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ 9 مئی 2023 کے واقعات کسی خود رو احتجاج کا نتیجہ نہیں بلکہ ایک منظم منصوبہ بندی کا حصہ تھے، جس میں بانی پی ٹی آئی کی براہ راست مشاورت شامل تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چودھری نے دعویٰ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی رویہ ہمیشہ انتشار کو ہوا دینے والا رہا ہے، اور 9 مئی کو ریاستی اداروں، دفاعی تنصیبات اور شہداء کی یادگاروں پر حملے اسی سوچ کا عملی مظہر تھے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اس دن توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد اسے اپنی "فتح" کے طور پر پیش کیا، لیکن حکومت کے پاس تمام شواہد موجود ہیں، جن کی بنیاد پر متعدد افراد کو عدالتوں سے سزائیں بھی مل چکی ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ماضی میں اداروں کے اندر سے جو سہولت کاری کی جاتی رہی، وہ اب ختم ہو چکی ہے، جس کے بعد انصاف ہوتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ علیمہ خان نے اپنے بیٹوں کو بیرونِ ملک کیوں بھیجا؟ کیا بانی پی ٹی آئی کا رشتہ دار ہونا کسی کو قانون سے بالاتر کر دیتا ہے؟

طلال چودھری نے مزید الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھ کر ملک کے مفادات کے خلاف کارروائی کی، اور 9 مئی کے احتجاج کے لیے اہداف باقاعدہ طور پر مقرر کیے گئے تھے۔ ان کے مطابق، یہ سب کچھ منظم بغاوت کی کوشش کے مترادف تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی اب عدالتی فیصلوں پر جھوٹا واویلا کر رہی ہے تاکہ عوام کی توجہ اصل حقائق سے ہٹائی جا سکے، لیکن عوام سب کچھ دیکھ چکی ہے اور اب دھوکے میں نہیں آئے گی۔

مزیدخبریں