عید میلاد النبی ﷺ پر سرکاری و نجی ملازمین کے لیے تین روزہ تعطیلات کا اعلان

04:28 PM, 26 Aug, 2025

امارات:متحدہ عرب امارات کی حکومت نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 5 ستمبر بروز جمعہ کو سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ملازمین کو ہفتہ اور اتوار کی چھٹیوں کے ساتھ تین روزہ تعطیلات کا موقع ملے گا۔

خلیج ٹائمز کے مطابق، شارجہ میں جمعہ پہلے سے سرکاری تعطیل کا دن ہے، لہٰذا وہاں کے سرکاری ملازمین کو اضافی چھٹی کا اعلان نہیں کیا گیا۔

عید میلاد النبی ﷺ 12 ربیع الاول کو منائی جاتی ہے جو اس سال 5 ستمبر کو آئے گی۔ اماراتی فلکیاتی مرکز نے بتایا ہے کہ ربیع الاول کا چاند 23 اگست کو نظر نہیں آیا جس کی وجہ سے صفر کے 30 دن مکمل ہو گئے اور ربیع الاول کا آغاز 25 اگست سے ہوا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب میں چاند کی رویت مختلف ہونے کے باعث میلاد النبی ﷺ کا دن یو اے ای سے ایک روز قبل منایا جائے گا۔

یہ چھٹیاں اسلامی قمری تقویم اور چاند کی رویت کے مطابق دی جاتی ہیں، اور ہر مہینے کی شروعات ہلال کمیٹی کی منظوری سے ہوتی ہے۔

مزیدخبریں