جدہ : جدہ میں او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے 21ویں غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعتی اور الجزائر کے وزیر خارجہ احمد عطار سے ملاقات کی۔
ملاقات میں فلسطین کی موجودہ مشکل صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اس بات پر زور دیا گیا کہ فوری جنگ بندی کی جائے، فلسطینی عوام تک انسانی امداد بلا روک ٹوک پہنچائی جائے، اور خطے میں امن قائم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ اس وقت مسلم اُمہ کے اتحاد کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے مصر اور الجزائر کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کو بھی دہرایا اور کہا کہ پاکستان شمالی افریقہ کے برادر ممالک کے ساتھ تجارت، رابطے اور تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے۔