اینڈرائیڈ فونز کی خودکار تبدیلیاں، صارفین پریشان

04:21 PM, 26 Aug, 2025

کراچی : اگر آپ اینڈرائیڈ سمارٹ فون استعمال کرتے ہیں تو شاید آپ نے حال ہی میں اپنے فون میں کچھ تبدیلیاں دیکھی ہوں، جیسے کال آنے یا کرنے کا انداز، فون کا ڈسپلے یا سیٹنگز اچانک مختلف لگنے لگیں۔ یہ سب کچھ بغیر کسی اطلاع یا اجازت کے ہوا، جس پر صارفین کافی پریشان نظر آئے۔

پاکستان، انڈیا اور دیگر ممالک میں سوشل میڈیا پر صارفین نے شکایت کی کہ ان کے فون کی سیٹنگز خود بخود بدل گئیں اور وہ نہیں جانتے کہ ایسا کیوں ہوا۔

اس حوالے سے آئی ٹی ماہر کنول چیمہ نے بتایا کہ دراصل یہ گوگل کی جانب سے کیا گیا ایک بڑا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہے، جو کچھ فونز پر خود بخود انسٹال ہو گیا۔ اگر کسی کا فون آٹو اپ ڈیٹ پر تھا تو تبدیلی بغیر اجازت آئی، اور جن کے فونز پر یہ فیچر بند تھا، انہیں پہلے نوٹس بھیجا گیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس اپ ڈیٹ کا مقصد صارفین کے لیے فون کو زیادہ بہتر اور جدید بنانا ہے، اور یہ کوئی نئی بات نہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ اس بار اپ ڈیٹ میں ظاہری تبدیلیاں زیادہ نمایاں تھیں۔

اگر کسی کو فون کی پرانی شکل زیادہ پسند ہے تو وہ فون کی سیٹنگز میں جا کر "گو بیک ٹو اولڈ" کا آپشن استعمال کرکے پرانی حالت بحال کر سکتا ہے۔

جہاں تک پرائیویسی کی بات ہے، تو کنول چیمہ نے واضح کیا کہ کوئی بھی اپ ڈیٹ صارف کے ڈیٹا یا پرائیویسی کو متاثر نہیں کرتا۔ کمپنیاں صرف سسٹم کو بہتر بنانے کے لیے تبدیلیاں کرتی ہیں، نہ کہ صارف کا ذاتی مواد دیکھنے کے لیے۔

تاہم، کچھ پرانے فونز میں یہ اپ ڈیٹس کارکردگی پر اثر ڈال سکتی ہیں، جیسے فون سست ہو جانا یا بیٹری جلد ختم ہونا۔

مزیدخبریں