نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 سیریز سے باہر

12:55 PM, 26 Aug, 2025

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ہوم سیریز شروع ہونے سے پہلے ایک بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے چند اہم کھلاڑی مچل سینٹنر، گلین فلپس، فن ایلن اور ول اورورکی آسٹریلیا کے خلاف ٹی 20 میچز میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

ول اورورکی کو کمر میں سٹریس فریکچر کی تشخیص ہوئی ہے، جس کی وجہ سے وہ کم از کم تین ماہ کرکٹ سے باہر رہیں گے اور اس دوران اپنی فٹنس پر کام کریں گے۔ ان کی غیر موجودگی نہ صرف آسٹریلیا بلکہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی سیریز پر بھی اثر انداز ہوگی۔

گلین فلپس گروئن انجری کی وجہ سے اور فن ایلن پاؤں کی سرجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔ دونوں کو آرام اور مکمل علاج کی ضرورت ہے۔

نیوزی لینڈ کے وائٹ بال کپتان مچل سینٹنر بھی گروئن میں تکلیف کی وجہ سے ملک واپس آ گئے ہیں۔ انہیں پیٹ کی سرجری کرانی ہے جس کے بعد کم از کم ایک ماہ ریکوری کے لیے درکار ہوگا۔

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان چیپل ہیڈلی ٹی 20 سیریز یکم اکتوبر سے شروع ہو رہی ہے، لیکن نیوزی لینڈ کی ٹیم ان اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں مشکل صورتحال کا سامنا کرے گی۔

مزیدخبریں