ٹرمپ کا ایک مرتبہ پھر پاکستان اور بھارت کی جنگ رکوانے کا ذکر

09:42 AM, 26 Aug, 2025

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مئی میں جب پاکستان اور بھارت کے درمیان چھوٹی لیکن خطرناک جنگ چل رہی تھی، تب تک سات جنگی جیٹ طیارے مار گرائے جا چکے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ کئی بڑی جنگیں روک چکے ہیں اور ان میں بھارت اور پاکستان کی جنگ سب سے بڑی ہو سکتی تھی۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس جنگ کے دوران حالات اتنے کشیدہ تھے کہ یہ ایٹمی جنگ میں بھی بدل سکتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو سمجھایا کہ اگر آپ لڑتے رہے تو ہم آپ کے ساتھ تجارت نہیں کریں گے اور آپ کے لیے یہ نقصان دہ ہوگا۔ انہوں نے دونوں کو مسئلہ حل کرنے کے لیے 24 گھنٹے دیے، جس کے بعد دونوں ملکوں نے جنگ روکنے پر رضامندی ظاہر کی۔

ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ کون سا ملک کتنے جہاز گرایا، لیکن ان کا کہنا تھا کہ حالات بہت خطرناک تھے اور انہوں نے امن قائم کرنے کے لیے جو بھی قدم اٹھانا پڑا، اٹھایا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی کی فضائی جھڑپوں میں دونوں طرف سے کئی جہاز مار گرائے جانے کے دعوے سامنے آئے تھے۔ پاکستان نے انڈین فضائیہ کے پانچ طیارے گرانے کا دعویٰ کیا تھا، جبکہ بھارت نے بھی پاکستان کے پانچ طیارے مار گرنے کا دعویٰ کیا، جسے بھارتی میڈیا نے مشکوک قرار دیا تھا۔

ٹرمپ نے اپنی صدارت کے دوران کئی جنگیں روکنے کا بار بار ذکر کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے چھ یا سات جنگیں ختم کروائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی کے الفاظ استعمال کیے بغیر ہی امن قائم کرواتے رہے ہیں۔

اگرچہ ان معاہدوں کی پائیداری کا اندازہ لگانا مشکل ہے، لیکن ٹرمپ اپنے آپ کو امن قائم کرنے والے صدر کے طور پر پیش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ انہیں اس کام کے لیے نوبل انعام ملنا چاہیے۔

مزیدخبریں