کیلیفورنیا :ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے اوپن اے آئی نے اپنے ڈیپ ریسرچ فیچر کا ہلکا (لائٹ) ورژن پیش کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ صارفین کو آسان اور مفت رسائی فراہم کرنا ہے۔
ذرائع کے مطابق، یہ نیا فیچر کمپنی کے O4-mini ماڈل پر مبنی ہوگا۔ اگرچہ یہ مکمل ورژن جتنی بڑی طاقت کا حامل نہیں ہوگا، مگر اپنی کارکردگی اور خوبیوں کے اعتبار سے بھرپور سہولیات فراہم کرے گا۔
نئے ورژن کے ذریعے صارفین انٹرنیٹ پر فوری طور پر سرفنگ کر سکیں گے، تازہ معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں گے اور تیز رفتاری سے جوابات حاصل کر پائیں گے۔ سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ سہولت بلا معاوضہ دستیاب ہوگی۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس لائٹ ورژن کے جوابات مختصر ہو سکتے ہیں، مگر معیار اور معلومات کی افادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صارفین کو کم وقت میں بہترین اور معتبر نتائج حاصل ہوں گے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اوپن اے آئی کا یہ نیا اقدام تحقیق اور ڈیجیٹل سہولیات کو مزید عام اور قابل رسائی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔