لاہور:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلگام واقعے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ اس معاملے کی غیر جانبدار تحقیقات کے لیے مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا کہ یہ تیسری بار ہے جب بھارت میں کسی غیر ملکی رہنما کے دورے کے دوران پہلگام میں ایسی صورتحال پیش آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس واقعے سے نقصان ہوا ہے، جبکہ بھارت کو فائدہ پہنچا ہے۔
محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اس وقت معاشی ترقی کر رہا ہے اور ایسے واقعات پاکستان کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس اس بات کے ثبوت ہیں کہ بھارت بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر دہشت گردی کی ہر صورت میں مذمت کرتا ہے اور اس واقعے کی تحقیقات کے لیے غیر جانبدار افراد کی مدد لینا چاہتا ہے تاکہ سچائی سامنے آ سکے۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی نیوٹرل تفتیشی ٹیم کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا تاکہ حقائق کا پتا چل سکے۔