سندھ طاس معاہدہ معطل، پاکستان کا سخت مؤقف، ٹرمپ کا محتاط تبصرہ

12:34 AM, 26 Apr, 2025

واشنگٹن / نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی کو دونوں ممالک باہمی طور پر حل کر لیں گے۔

ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "ان دونوں ممالک کے تعلقات میں تاریخی تناؤ رہا ہے، لیکن میں پر اُمید ہوں کہ وہ اسے پرامن طریقے سے سلجھانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔"

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب بھارت نے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا اور پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں کے اندر بھارت چھوڑنے کا حکم دیا۔

اس کے ردِ عمل میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں بھارت کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ اگر بھارت پاکستان کا پانی روکتا ہے تو اسے جارحیت تصور کیا جائے گا اور اس کا مناسب جواب دیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ دونوں ممالک سے قریبی تعلقات رکھتے ہیں اور مسئلہ کشمیر صدیوں پرانا تنازع ہے، جو وقت کے ساتھ حل ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا جنوبی ایشیا میں پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے تاہم کشمیر کی حیثیت پر فی الحال کوئی مؤقف نہیں اپنایا گیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی دونوں ممالک سے تحمل اور تدبر کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کے ترجمان اسٹیفان دوجارک نے بتایا کہ سیکریٹری جنرل معاملے پر گہری تشویش رکھتے ہیں اور حالات کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں، تاہم ابھی تک کسی قسم کا براہِ راست رابطہ دونوں ممالک کی قیادت سے نہیں کیا گیا۔

مزیدخبریں