پیٹرول کی قیمت، مہنگائی اور عام آدمی کی نفسیات

09:10 AM, 25 Sep, 2026

متعدد اضافوں کے بعد 23 ستمبر 2026ء کو پیٹرول کی قیمت 392 روپے فی لٹر جب کہ ڈیزل کی قیمت 419 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی ہے۔پاکستانی عوام ایک مرتبہ پھر مہنگائی کے ایسے دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں جس نے گھر کا بجٹ بنانا مشکل کر دیا ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں معمولی سا اضافہ بھی بظاہر چند روپے کا معاملہ دکھائی دیتا ہے، لیکن اس کے اثرات صرف پیٹرول پمپ تک محدود نہیں رہتے، یہ اضافہ ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعت، تجارت اور بالآخر ہر گھر کے باورچی خانے تک پہنچتا ہے۔ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل صرف گاڑی چلانے کے لئے استعمال نہیں ہوتے بلکہ پوری معیشت اس سے منسلک ہے۔ کسان اپنی فصل کے لئے ٹریکٹر، ٹیوب ویل اور دیگر مشینری استعمال کرتا ہے۔صنعتیںخام مال کی ترسیل کے لئے ٹرک اور دیگر گاڑیاں استعمال کرتی ہیں۔ تاجر سامان ایک شہر سے دوسرے شہر منتقل کرتے ہیں۔ مزدور اور ملازمین روزانہ اپنی ملازمتوں اور کاروبار تک پہنچنے کے لئے ٹرانسپورٹ استعمال کرتے ہیں۔
جب ڈیزل بڑھتا ہے تو سب سے پہلے مال برداری کی لاگت بڑھتی ہے۔ ایک شہر سے دوسرے شہر تک سبزیاں، پھل، اناج، دودھ اور دیگر اشیائے خورد و نوش پہنچانے پر زیادہ خرچ آتا ہے۔ نتیجتاً دوکاندار بھی اپنی قیمت بڑھانے پر مجبور ہوتے ہیں اور اس اضافی لاگت کا آخری بوجھ صارف پر پڑتا ہے۔ سب سے زیادہ اثر کم اور متوسط آمدنی والے پر پڑتا ہے۔ ایک ایسے شخص کی آمدنی جس میں چند ماہ سے خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا ہو، اس کے لئے پیٹرول کی قیمت میں مسلسل 
اضافہ براہِ راست بجٹ کو متاثر کرتا ہے۔ ایک مزدور یا ملازم جو روزانہ موٹر سائیکل پر دفتر یا کام کی جگہ جاتا ہے، اس کے لئے پیٹرول کے اضافی اخراجات کا مطلب یہ ہو سکتا ہے کہ اسے خوراک، بچوں کی تعلیم، علاج یا گھر کے کسی دوسرے خرچ میں کمی کرنا پڑے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں پہلے پبلک ٹرانسپورٹ کو متاثر کرتی ہیں۔ بسیں، ویگنیں، رکشے اور دیگر گاڑیاں چلانے والے اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے کرایوں میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اگر کرائے بڑھتے ہیں تو روزانہ سفر کرنے والے طلبہ، مزدور، ملازمین اور چھوٹے کاروباری افراد کا بجٹ متاثر ہوتا ہے۔ اگر حکومت کرایوں میں اضافہ روکنے کی کوشش کرتی ہے تو ٹرانسپورٹر کے لئے کاروبار مشکل ہوتا ہے۔ اس لئے مسئلہ صرف کرایہ بڑھانے یا نہ بڑھانے کا نہیں بلکہ ایسے متوازن نظام کا ہے جس میں مسافر، ٹرانسپورٹر اور حکومت تینوں کے مفادات کو دیکھا جائے۔
پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ہماری معیشت میں زراعت کا بنیادی کردار ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ کسان کے لئے خاس طور پر اہم مسئلہ ہے کیونکہ زرعی مشینری، ٹیوب ویل، ٹریکٹر اور فصل کی نقل و حمل سمیت کئی مراحل میں ایندھن استعمال ہوتا ہے۔ کسان کی پیداواری لاگت بڑھنے کا نتیجہ بالآخر صارف تک پہنچتا ہے۔ یہ ایک ایسا معاشی چکر ہے جس میں پیٹرول کی قیمت کا معمولی سا اضافہ بھی کئی شعبوں کو متاثر کرتا ہے۔ اسی طرح صنعتی شعبہ پہلے ہی بجلی، گیس ، ٹیکس، خام مال اور دیگر اخراجات کے دباؤ کا سامناکرتا ہے۔ ایندھن کی قیمت میں اضافہ پیداواری اور ترسیلی لاگت کو مزید بڑھا دیتا ہے۔ پاکستانی مصنوعات اگر مہنگی ہوں گی تو عالمی مارکیٹ میں مسابقت بھی مشکل ہو سکتی ہے۔ اس لئے پیٹرولیم کی قیمتوں کا معاملہ صرف صارف کا مسئلہ نہیں بلکہ ملکی پیداوار، کاروبار، روزگار اور برآمدات سے بھی جڑا ہوا ہے۔ 
پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ صرف ایک معاشی خبر نہیں بلکہ عام آدمی کی روز مرہ زندگی پر اثر انداز ہونے والا ایسا عمل ہے جو اس کی نفسیاتی کیفیت کو بھی متاثر کرتا ہے۔ 
اس کا اثر خاندانی تعلقات پر بھی پڑ سکتا ہے جب محدود آمدنی میں اخراجات پورے نہ ہوں تو میاں بیوی کے درمیان تناؤ بڑھنے اور انسان کے سماجی میل جول میں کمی آنے کا امکان پیدا ہو جاتا ہے۔ بعض لوگ تفریح، دوستوں سے ملاقات یا دیگر غیر ضروری سرگرمیوں کو ترک کر دیتے ہیں تا کہ بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ یہ صورتحال متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لئے زیادہ مشکل ہوسکتی ہے، کیونکہ ان کے پاس غیر متوقع اخراجات برداشت کرنے کے لئے مالی گنجائش نسبتاً کم ہوتی ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں اضافہ جب ٹرانسپورٹ اور پھر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں تک پہنچتا ہے تو ایک عام خاندان کو اپنی ضروریات کی ترجیحات دوبارہ طے کرنا پڑتی ہیں۔ اس لئے مہنگائی کے مسئلے کو صرف روپے اور پیسے کے حساب سے نہیں بلکہ انسانی زندگی کے مجموعی معیار کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ معاشرے کی اصل قوت اس کے لوگوں کے احساس، تحفظ، امید اور مستقبل پر اعتماد سے پیدا ہوتی ہے۔
مہنگائی اس وقت ایک حقیقی مسئلہ بن جاتی ہے جب والد اپنے بچوں کی فیس، گھر کا راشن اور موٹر سائیکل کے پیٹرول میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر مجبور ہو جائے۔ حکومت کی اصل کامیابی یہ ہے کہ مشکل حالات میں بھی عام پاکستانی کو کم سے کم معاشی تکلیف پہنچے ۔ پیٹرول کی قیمت بڑھانے سے پہلے حکومت کو یہ ضرور سوچنا چاہئے کہ کہ اس اضافے کی آخری قیمت کون ادا کرے گا۔ اگر جواب عام آدمی ہے تو پھر اس کے لئے مٔوثر ریلیف، شفاف پالیسی اور مستقل معاشی منسوبہ بندی بھی ریاست کی ذمہ داری ہونی چاہئے۔

مزیدخبریں