ایشین گیمز 2026: پاکستان کا کرکٹ اسکواڈ جاپان روانہ

08:55 AM, 25 Sep, 2026

جاپان : ایشین گیمز 2026 میں شرکت کے لیے پاکستان کا وائٹ بال کرکٹ سکواڈ کراچی سے دبئی کے راستے جاپان روانہ ہوگیا۔ کپتان صاحبزادہ فرحان نے ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل جیتنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جاپان روانگی سے قبل قومی ٹیم کا چار روزہ تربیتی کیمپ کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں مکمل ہوا۔ کیریبین لیگ میں مصروف عثمان خان، صائم ایوب، معاذ صداقت، حسن نواز اور سفیان مقیم بھی سکواڈ کو جوائن کرچکے ہیں۔

فاسٹ بولر محمد سلمان مرزا انگوٹھے میں فریکچر کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئے، جس کے بعد محمد وسیم جونیئر کو خصوصی اجازت سے ان کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

پاکستانی سکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد وسیم جونیئر، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔

ایشین گیمز کے مینز کرکٹ مقابلے جمعہ سے شروع ہوں گے، جبکہ پاکستان 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل کھیلے گا۔ سیمی فائنلز یکم اکتوبر اور گولڈ میڈل کا فائنل 3 اکتوبر کو ہوگا۔

مزیدخبریں