ایشین گیمز ہاکی: پاکستان نے چین کو شکست دے دی

08:50 AM, 25 Sep, 2026

جاپان : ایشین گیمز ہاکی کے گروپ مرحلے میں پاکستان نے چین کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3-0 سے کامیابی حاصل کرلی۔ اس فتح کے ساتھ قومی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی سمیٹ لی۔

پاکستان نے میچ کے دوسرے کوارٹر میں فیصلہ کن برتری حاصل کی، جہاں قومی ٹیم نے تینوں گول سکور کیے۔ کپتان ابوبکر سفیان خان اور حنان شاہد نے پاکستان کی جانب سے گول کیے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

چین کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان کے پوائنٹس 9 ہوگئے ہیں اور وہ گروپ میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ملائیشیا بھی 9 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے، جبکہ بہتر گول اوسط نے اسے پاکستان پر برتری دلا رکھی ہے۔

قومی ٹیم نے ایشین گیمز میں اپنے ابتدائی دونوں میچز میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔ پاکستان نے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو 9-0 سے شکست دی، جبکہ دوسرے مقابلے میں ازبکستان کو 5-1 سے مات دی۔

چین کے خلاف میچ سے قبل پاکستان کو فارورڈ رانا وحید اشرف کی کمی کا سامنا بھی رہا۔ ٹورنامنٹ انتظامیہ اور ایشین ہاکی فیڈریشن نے انہیں ایک میچ کے لیے معطل کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق ازبکستان کے خلاف میچ کے دوران رانا وحید اشرف کی ہاکی سٹک حریف کھلاڑی کے سر سے لگی، جس کے بعد انہیں ایک میچ کی پابندی کی سزا دی گئی۔ تاہم ان کی غیر موجودگی میں بھی پاکستانی ٹیم نے چین کے خلاف مؤثر کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔

مزیدخبریں