نیویارک: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور بنگلادیشی وزیراعظم طارق رحمان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی، جس میں پاک بنگلادیش تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے حوالے سے دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات میں سامنے آنے والی حالیہ پیش رفت پر دونوں رہنماؤں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی کی صدارت سنبھالنے پر بنگلادیشی قیادت کو مبارکباد دی اور اقوام متحدہ کے مقاصد کو آگے بڑھانے کیلئے بنگلادیش کی کوششوں کی پاکستان کی جانب سے حمایت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے پاک بنگلادیش روابط کو مزید مستحکم کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ بنگلادیشی وزیراعظم طارق رحمان نے بھی تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کو مثبت قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
مشترکہ اعلامیے میں دونوں وزرائے اعظم نے تجارت، سیاحت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ دونوں جانب سے اس امر کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا کہ کثیرالجہتی اداروں، بالخصوص اقوام متحدہ کے فورم پر پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان رابطہ اور تعاون آئندہ بھی برقرار رکھا جائے۔